Thursday, May 19, 2016

طبلِ جنگ


اگلے مہینے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلستان فتح کرنے جا رہی ہے۔ طبلِ جنگ کاکول میں بج چکا ہے اور پیادہ دستوں کی guerilla جنگ کے لیے تربیت جاری ہے کہ انگلستان کے نائٹ کلبوں میں شبخون مار سکیں۔ فوج کے اسکول اوف فزیکل ٹریننگ نے یہ بیڑا اٹھایا ہے۔


جلد ہی براس ٹیکس Brass Tacks والے زید حامد زید مجدہ ٹیم سے آ ملیں گے اور گھوڑوں کی ننگی پیٹھ پر بیٹھ کر اسنائیپر سے گولی کو ریورس سوئینگ کرنا سکھائیں گے۔ محمد عرفان ان فٹ ہیں ورنہ ان کو داستانِ امیر حمزہ والے پہلوان لندھور کا کردار سونپا جاتا۔۔


ڈے اینڈ نائٹ میچز کے لیے ٹیم کو نائٹ وژن گوگلز فراہم کیے جائیں گے تاکہ اندھیرے میں اندھے بن کر اپنے ہی اپنوں میں ریوڑیاں نہ بانٹے لگیں۔ جبکہ اسٹوارٹ بروڈ اور جورڈن کی باؤنسرز اور شورٹ پچ گیندوں سے بچاؤ کے لیے بلٹ پروف جدید ہیلمٹ اور جیکٹ فراہم کی جائیں گی کہ جوانوں کو صحیح سالم ایک ٹکڑے میں واپس لانے میں آسانی ہو۔ ایک تجویز یہ ہے کہ جمی اینڈرسن چونکہ ٹانگوں کے دشمن ہیں تو پورا آئرن مین سوٹ ہی بنوا دیا جائے۔۔


فیلڈرز کو خصوصی جیٹ پیک لگوا کر اڑان بھرتے ہوئے کیچ پکڑنے اور باؤنڈریاں روکنے کی مشق کروائی جار ہی ہے تاکہ سند رہے اور بوقتِ ضرورت کام آئے، کیچ تو انہوں نے پکڑنا نہیں ہے۔۔


آرمی کی جانب سے تینوں فورمیٹس کی ٹیموں کے کپتانوں کو موم جاموں میں خصوصی تعویز دیے گئے ہیں کہ جب مشکل پڑے تو یا علی مشکل کشا کہتے ہوئے تعویز کھولنا اور جو اس پر لکھا ہو اس پر عمل کرنا۔ راوی کا کہنا ہے کہ تعویز کا نام تو صرف ان کی ہمت بندھانے کو دیا یے، اصل میں یہ ممکنہ "کمر توڑ" شکست کی صورت میں استعفے کا متن ہے، کہ اس وقت ہمارے کپتان یوسف رضا گیلانی کی طرح آااا اےےے وہ ہ ہ کرتے پائے جاتے ہیں۔ آخر کو بولنے اور لکھنے کی تربیت بھی تو آرمی ہی کے ذمے ہے نا۔۔۔


شنید ہے کہ کھلاڑیوں کو چھاتے پہنا کر سی 130 سے دھکا بھی دیا جائے گا کہ گراؤنڈ میں بھیجنے کا بس یہی طریقہ باقی رہ گیا ہے، کہ جہاز سے دھکا دے دو۔ یوں ہم جنگِ عظیم دوم کی طرز پر چھاتہ بردار دستوں کے ساتھ حملہ آور ہوں گے اور دشمن آسمان سے آفت پڑنے کی صورت میں بدحواس ہو کر بھاگے گا اور ڈریسنگ روم میں جا کر پناہ لے گا، جہاں پہلے سے گھات لگائے پاکستانی میڈیا بچے کھچے دشمن کا قلع قمع کردیگا۔۔ اس ضمن میں مایہ ناز صحافی یحییٰ بے چینی، نسیم راج*وت اور ایک ڈاکٹر صاحب کے نام لیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب نے تو حد ہی کردی ہے، سپہ سالار کو فون کر کے پوچھ رہے تھے کہ جناب بوٹی چھوٹی رکھنی ہے یا بڑی؟



https://www.facebook.com/media/set/?set=a.1197254020347928.1073741889.150056741734333&type=3

2 comments :

  1. ہاہاہا۔
    بہت مزے کی تحریر لکھی ہے جناب۔
    خوش رہیں

    ReplyDelete